ماڈل بازار اور فوڈ سٹریٹس قائم کی جائیں گی:بلال سلیم
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بیرسٹر بلال سلیم نے کہا ہے کہ حکومت ضلع کو مکمل فعال بنانے اور انفراسٹرکچر کے قیام کے اقدامات کر رہی ہے۔۔۔
ضلع کی ترقی اور عوام کی سہولیات کے لیے انجمن تاجران کی مشاورت سے کام کیا جائے گا اور شہر میں ماڈل بازار اور فوڈ سٹریٹس بھی قائم کی جائیں گی۔یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ضلعی و مرکزی انجمن تاجران کے صدر محمد عثمان شیخ کی قیادت میں تاجران کے نمائندگان سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قدسیہ ناز اور ایس ڈی او پر انچارج اقبال لانگ بھی موجود تھے ۔ تاجران نے شہر کے کاروباری مسائل، تجاوزات، صفائی ستھرائی، پارکنگ اور امن و امان پر تبادلہ خیال کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تاجر برادری ضلع کی معاشی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ان کے جائز مسائل باہمی مشاورت، قانون اور شفافیت کے تحت حل کیے جائیں گے ۔ متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی کہ شہری نظم و ضبط، سہولیات کی فراہمی اور ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے اقدامات کریں۔ تاجران نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون پر اطمینان اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔