پولیو مہم22:لاکھ 30ہزار بچوں کوقطرے پلانے کاہدف
ڈی سی نے میاں میر ہسپتال میں بچے کو قطرے پلا کر مہم کاافتتاح کیا
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )ڈپٹی کمشنر لاہور موسیٰ رضا نے 7روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ یہ مہم لاہور میں پانچ سال سے کم عمر 22لاکھ 30ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے وسیع ہدف کیساتھ شروع کی گئی ہے ۔ ڈی سی موسیٰ رضا نے ڈی ایچ کیو میاں میر ہسپتال میں بچے کو قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا، سی ای او ہیلتھ ودیگرافسر ہمراہ تھے ۔ ضلع بھر میں 5825موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین پلائیں گی۔ اسکے علاوہ ہسپتالوں اور مراکز صحت میں 371فکسڈ ٹیمیں چوبیس گھنٹے ویکسی نیشن کیلئے موجود رہیں گی۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سخت نگرانی کو یقینی بنانے کیلئے 214ٹرانزٹ پوائنٹس کو فعال کیا گیا ہے ، جہاں بچوں کی چیکنگ اور ویکسی نیشن کو لازم قرار دیا گیا ہے ۔ ڈی سی نے ٹیموں کو واضح ہدایات جاری کیں کہ مہم کے دوران ہر بچے کی ویکسی نیشن کو سو فیصد یقینی بنایا جائے اور فیلڈ میں موجود پولیو ورکرز ڈیجیٹل ڈیش بورڈ میں درست اندراج کو یقینی بنائیں۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی تحصیلوں میں مہم کی خود نگرانی کریں ،پولیو مہم کے دوران غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔