واپڈا ٹاؤن ملتان کے نو منتخب عہدیداروں کی حلف برداری
چیف ایگزیکٹو کی رہائشی سہولتوں کی بروقت فراہمی اور شفاف انتظام کی ہدایت
ملتان (خصوصی رپورٹر)واپڈا ٹاؤن ملتان کے نو منتخب عہدیداروں نے حلف اٹھا لیا۔میپکوکے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر گُل محمد زاہد نے واپڈا ایمپلائیز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (واپڈا ٹاؤن) کے نو منتخب عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ٹاؤن کی تعمیر و ترقی کے لیے فوری طور پر کام شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ رہائشیوں کی توقعات پر پورا اترنا اور انتخابی منشور پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔سی ای او میپکو نے حلف برداری کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ محنت، لگن، ایمانداری اور جذبے سے کام کرتے ہوئے نو منتخب عہدیداران واپڈا ٹاؤن کو جدید سہولیات سے آراستہ کریں۔ فیز تھری کے قیام کو کم سے کم مدت میں مکمل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مکینوں کو بجلی، پانی، سیوریج، سڑکیں، سٹریٹ لائٹس، پارکس اور سیکیورٹی سمیت تمام بنیادی سہولیات بروقت فراہم کی جا سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ واپڈا ٹاؤن کے انتخابات میں قانونی رکاوٹوں کو دور کرنے میں میپکو کی لیگل ٹیم کا کلیدی کردار ہے ، جو مستقبل میں بھی سوسائٹی کو قانونی معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے عہدیداران پر زور دیا کہ انتظامی، فنی اور مالی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے شفافیت، میرٹ اور رہائشیوں سے مسلسل رابطہ یقینی بنایا جائے ۔تقریب میں ڈسٹرکٹ آفیسر کوآپریٹو فیصل رضوان نے نو منتخب صدر انجینئر امجد نواز بھٹی، نائب صدر ارسلان خان، جنرل سیکرٹری انجینئر محمد علی یاسر، فنانس سیکرٹری سردار رفیق احمد خان اور دیگر ممبران سے حلف لیا۔ تقریب میں سابق سی ای او میپکو، جنرل منیجر ٹیکنیکل، جنرل منیجر آپریشن، چیف انجینئر کسٹمر سروسز، ڈائریکٹر کمرشل اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔