چوری و ڈکیتی کی وارداتیں، شہری نقدی و سامان سے محروم
اسلحہ کے زور پر لوٹ مار، موٹرسائیکلیں، موبائل فونز اور مویشی چوری
ملتان (کرائم رپورٹر)مختلف علاقوں میں چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں کے دوران شہری نقدی، موبائل فونز، موٹرسائیکلوں و دیگر قیمتی سامان سے محروم ہو گئے ۔ پولیس نے مقدمات درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے ۔تھانہ جلیل آباد کے علاقے میں ڈاکو اسلحہ کے زور پر ارشاد سے 40 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے ۔ تھانہ قطب پور کے علاقے عجب خان سے ڈاکو لاکھوں روپے نقدی لوٹ کر لے گئے ۔ تھانہ شاہ شمس کے علاقے میں بابر ملک سے مسلح ملزمان نے موٹرسائیکل چھین لی۔تھانہ ممتاز آباد اور نیو ملتان کے علاقوں میں مسعود ظفر اور مبشر سے جھپٹا مار کر موبائل فون چھین لیے گئے ۔ تھانہ برہڑ گیٹ کے علاقے میں فیصل سے اسلحہ کے زور پر موبائل فون لوٹ لیا گیا۔ تھانہ ڈی ایچ اے کے علاقے سربلند سے ڈاکو نقدی اور موبائل فون لے گئے ۔دیگر وارداتوں میں تھانہ چہلیک کے علاقے محمد یار، مظفر آباد کے علاقے عارف اقبال، شاہ شمس کے علاقے شہزاد، ممتاز آباد کے علاقے غلام جعفر، نیو ملتان کے علاقے آصف رضا، دہلی گیٹ کے علاقے نفیس احمد، انیتا اور یوسف سے موبائل فونز اور موٹرسائیکلیں چوری ہوئیں۔ بدھلہ سنت کے علاقے میں الطاف حسین کا ٹرانسفارمر، مخدوم رشید میں سجاد احمد کے مویشی، صدر شجاع آباد میں اسلم اور حبیب الرحمن کا سامان، سٹی جلالپور میں صابر کے بکرے اور ڈی ایچ اے میں مصطفی کی ٹوٹیاں جبکہ الپہ کے علاقے میں انصر کی بھیڑ چوری کر لی گئی۔پولیس کے مطابق تمام واقعات پر مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش اور تفتیش کا عمل جاری ہے ۔