قتل کے مقدمے میں دو ملز موں کو سزائے موت سنا دی گئی
ذوالقرنین اور آ کاش مسیح کو جج نے 8 لاکھ معاوضہ دینے کا حکم بھی دیا
گوجرہ (نمائندہ دنیا )ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوجرہ عباس رسول وڑائچ نے تین سال قبل چک نمبر 371 ج ب گنڈا سنگھ میں نوجوان عدنان فاروق گجر عرف شانی گجر کے قتل کے مقدمے میں دو ملزمان کو سزائے موت اور آٹھ لاکھ روپے معاوضہ کی سزا سنائی۔مقتول عدنان فاروق کو چوک ملکانوالہ میں ملزمان ذوالقرنین اور آکاش مسیح سمیت دیگر افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ مقتول کے بھائی ذیشان فاروق کی مدعیت میں سٹی پولیس گوجرہ نے ملزم ذوالقرنین، آکاش مسیح، محمد اویس، مظہر عرف مظہری، حسن رؤف، محمد ریحان اور محمد اسلام کے خلاف مقدمہ درج کر کے چالان عدالت میں پیش کیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عباس رسول وڑائچ نے سماعت کے بعد جرم ثابت ہونے پر قتل کے دو مرکزی ملزمان ذوالقرنین سکنہ چک نمبر 371 ج ب بھگتو پورہ اور آکاش مسیح سکنہ چک نمبر 363 ج ب باہمنی والا کو سزائے موت کے علاوہ آٹھ لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا۔ معاوضہ نہ دینے کی صورت میں چھ ماہ قید کی سزا بھی مقرر کی گئی۔ عدالت نے دیگر اعانت کرنے والے ملز موں کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔ملزمان کو ڈسٹرکٹ جیل ٹوبہ ٹیک سنگھ بھیج دیا گیا۔ مقدمے کی طرف سے سرکاری وکیل اے ڈی پی پی محمد طاہر عزیز پیش ہوئے ۔