میرٹ،خود احتسابی سے بدعنوانی کا خاتمہ کرنا ہو گا: ڈاکٹر ذوالفقار

 میرٹ،خود احتسابی سے بدعنوانی کا خاتمہ کرنا ہو گا: ڈاکٹر ذوالفقار

زرعی یونیورسٹی میں سیمینار، طلبہ کو بدعنوانی سے پاک مستقبل کیلئے بااختیار بنانے پر زور

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ معاشرے میں بہتری اور شفافیت کے لیے ہمیں میرٹ اور خود احتسابی کو رواج دے کر بدعنوانی کے خاتمے کی راہ ہموار کرنی ہوگی، تاکہ ملک کی ترقی میں حائل بڑی رکاوٹ کو دور کرکے اسے پائیدار ترقی سے ہمکنار کیا جا سکے ۔یہ بات انہوں نے یونیورسٹی کے سینئر ٹیوٹر آفس کی کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے زیراہتمام سیمینار بعنوان ‘‘طلبہ کو بدعنوانی سے پاک مستقبل کی تعمیر کے لیے بااختیار بنانا’’ کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر قومی احتساب بیورو (نیب) عطیہ عظمت، سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی، اور انچارج کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی ڈاکٹر رافع مزمل بھی موجود تھے ۔ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ بدعنوانی اداروں کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے اور معاشی، انتظامی اور سماجی زوال کا ایک بڑا سبب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن معاشروں کو تباہ کرتی ہے ، اس لیے ہمیں اس کے خلاف آواز بلند کرنے اور عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ خود احتسابی ضروری ہے تاکہ اگر کسی دن کوئی زیادتی یا پیشہ ورانہ ذمہ داری میں کوتاہی ہوئی ہو تو اگلے دن اس کا ازالہ کیا جا سکے ۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں