منشیات فروشی اور جوئے کیخلاف کارروائیاں تیز

 منشیات فروشی اور جوئے کیخلاف کارروائیاں تیز

جوئے کے اڈے چلا نیوالے عناصر اور انکی پشت پناہی کرنے والے پولیس افسروں اور ملازمین کیخلاف بھی کارروائی ہو گی ،خفیہ ٹیموں کی جانب سے فہرستیں تیار کر لی گئیں

فیصل آباد(عبدالباسط سے )جوئے اور منشیات فروشی کو جڑ سے ختم کرنے اور معاشرے کو اس ناسور سے پاک کرنے کے لئے فیصل آباد پولیس کی جانب سے خصوصی مشن کے تحت کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ منشیات فروشی یا اس کے عادی افراد اور جوئے کے اڈے چلانے والے عناصر یا جوا کھیلنے والے افراد کا ساتھ دینے یا ان کی پشت پناہی کرنے والے پولیس افسروں اور ملازمین کے خلاف بھی محکمانہ اور قانونی کارروائیاں کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔کئی سالوں سے چلنے والے منشیات اور جوئے کے اڈوں کے حوالے سے پولیس کی خفیہ ٹیموں کی جانب سے معلومات مکمل کرکے فہرستیں مرتب کر لی گئی ہیں۔

جس میں نہ صرف منشیات اور جوئے کے اڈے چلانے والے عناصر کے نام اور ایڈریس بلکہ ان کی دیگر تمام سرگرمیوں کے حوالے سے بھی مکمل تفصیلات مرتب کی گئی ہیں۔ پولیس حکام کی جانب سے ترتیب دی گئی خصوصی ٹیمیں ان فہرستوں کے مطابق خصوصی اور خفیہ کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات فروشوں اور جوئے کے اڈے چلانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لارہی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق منشیات فروشی اور جوئے کے اڈے چلانے والے عناصر کے علاوہ منشیات کے عادی اور جوا کھیلنے والے عناصر کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

جبکہ ان عناصر کا ساتھ دینے یا خود منشیات کے استعمال کے عادی اور جوا کھیلنے والے پولیس افسروں اور ملازمین کے خلاف بھی سخت قانونی اور محکمانہ کاروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے اوریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا اور سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کا کہنا ہے کہ معاشرے کو جرائم سے پاک بنانے اور شہریوں کی قیمتی جان و مال کو تحفظ کی فراہمی کے لئے فیصل آباد پولیس ہمہ وقت مصروف عمل ہے اور جرائم کی وارداتوں میں ملوث عناصر کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں