جھنگ :بھٹوں پر اینٹوں کی مہنگے داموں فروخت، انتظامیہ خاموش

جھنگ :بھٹوں پر اینٹوں کی مہنگے داموں فروخت، انتظامیہ خاموش

کنٹرول ریٹ غائب، مقدار و معیار بھی صفر، کروڑوں کے ترقیاتی منصوبے متاثر

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلع بھر میں بھٹہ خشت مالکان اینٹوں کے منہ مانگے دام وصول کرنے میں مصروف، دوسری طرف اینٹوں کی مقدار پوری کی جا رہی نہ ہی معیار کا خیال رکھا جا رہا ، متعلقہ افسر خاموش تماشائی بن چکے ،کنٹرول ریٹ پر معیاری اینٹوں کی خریداری شہریوں کیلئے خواب بن چکی،نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں خشت بھٹہ جات پر چور بازاری اور لوٹ مار عروج پر ہے ، حکومت کی جانب سے جاری کردہ کنٹرول ریٹ پر اینٹوں کی فروخت عملی طور پر ختم ہو چکی جبکہ اینٹوں کی مقدار کا تو دور دور تک نام و نشان تک نہیں، بھٹہ مالکان کھلے عام ناجائز منافع خوری دھڑلے سے کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا کے سروے کے د وران درجنوں خشت بھٹوں پر ریٹس اور معیار کی جانچ پڑتال کی گئی تو سادہ لوح شہری لٹتے نظر آئے ، متعلقہ ضلعی افسر وں کی نااہلی اور مبینہ بدعنوانیوں کے باعث نہ صرف عوام کو نقصان پہنچ رہا بلکہ ضلع بھر میں سولنگ، نالیاں، مختلف سرکاری بلڈنگز اور جاری کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں میں بھی خستہ حال اور غیر معیاری اینٹیں استعمال کی جا رہی ہیں جبکہ من مرضی کے ریٹس وصول کر کے سرکاری خزانہ کو بھی کروڑوں روپے کا چونا لگایا جا رہا ہے ۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب ، ڈپٹی کمشنر جھنگ و دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں