فیسکو ریجن میں کھلی کچہریاں، 234 شکایات کا فوری ازالہ
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری اور چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر کی ہدایات پر فیسکو ریجن میں صارفین کے بجلی سے متعلق مسائل ان کی دہلیز پر فوری حل کرنے کے لیے روزانہ صبح 11 بجے سے دوپہر 1 بجے تک کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے ۔
کھلی کچہریوں میں فیسکو کے اعلیٰ افسران براہِ راست عوام الناس کے بجلی سے متعلق مسائل سنتے اور مروجہ قوانین کے تحت میرٹ پر ان کا بروقت حل یقینی بنا رہے ہیں۔ صارفین بجلی کی جانب سے فیسکو کے اس اقدام کو بے حد سراہا جا رہا ہے ۔ فیسکو انتظامیہ نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ کھلی کچہریوں میں بھرپور شرکت کریں اور اپنے مسائل کے فوری ازالے کے لیے رجوع کریں۔فیسکو ترجمان کے مطابق گزشتہ روز فیسکو ریجن کی تمام سب ڈویژنوں میں منعقدہ کھلی کچہریوں کے دوران مجموعی طور پر 234 شکایات موصول ہوئیں، جن کا موقع پر ہی ازالہ کر دیا گیا۔فیسکو فرسٹ سرکل میں موصول ہونے والی 58 شکایات میں سے تمام 58 کا ازالہ کیا گیا، جن میں خراب میٹر کی ایک، بجلی کی سپلائی بندش کی 30، نیو کنکشن کی 3 اور دیگر 24 شکایات شامل تھیں۔ سیکنڈ سرکل میں 23 میں سے 23 شکایات حل کی گئیں، جن میں سپلائی بندش کی 2، نیو کنکشن کی ایک اور دیگر 20 شکایات شامل تھیں۔