بچیانہ:گندگی کے ڈھیر،ابلتی نالیاں شہریوں کو پریشانی
بچیانہ (نمائندہ دنیا )بچیانہ شہر اور گردونواح میں حکومت پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے دعوے عملی طور پر ناکام ثابت ہوئے ہیں،
جہاں گلیوں، محلوں اور مرکزی بازاروں میں جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر اور ابلتی نالیاں شہریوں کے لیے شدید مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ صفائی کے لیے تعینات ٹیمیں صرف فوٹو سیشن تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں اور افسران کو دھوکہ دینے کے لیے فرضی رپورٹس بھیج کر ڈنگ ٹپاؤ پالیسی اپنا لی گئی ہے ، جبکہ حقیقت میں صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ ہے ۔ گندگی اور غلیظ پانی کے باعث وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔
شہریوں نے کہا کہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر اور نالیوں کا گندا پانی بازاروں اور گلی محلوں میں عام زندگی کو متاثر کر رہا ہے ، جس سے نہ صرف شہریوں بلکہ خواتین اور بچوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے ، لیکن بار بار شکایات کے باوجود مقامی انتظامیہ کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھا رہی۔شہری اور سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے اپیل کی ہے کہ بچیانہ میں صفائی کے خصوصی مہم کے تحت اسٹاف کی تعداد بڑھائی جائے ، شہری علاقے کے لیے الگ سینٹری ورکرز کا سکواڈ تشکیل دیا جائے اور فرائض میں غفلت برتنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے ۔