چک جھمرہ:وزیر اعلیٰ کی انسپکشن ٹیم کا دورہ، منصوبوںکا جائزہ
ٹی ایچ کیو ہسپتال جھمرہ کا دورہ ، ادویات کی بندر بانٹ ،انتظامی امور میں خامیاں
چک جھمرہ (نامہ نگار )چک جھمرہ میں سی ایم پنجاب کی انسپیکشن ٹیم نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ مختلف ترقیاتی اور انتظامی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سید زبیر حبیب گیلانی، المیزان ایسوسی ایٹ کے کنٹریکٹر سید عرفان شاہ، تحصیل منیجر آپریشن ایف ڈبلیو ایم سی چودھری خرم اور دیگر مقامی افسر بھی موجود تھے ۔انسپکشن ٹیم نے ٹی ایچ کیو ہسپتال جھمرہ کا دورہ کیا، جہاں انتظامیہ کی جانب سے ایمرجنسی ادویات، ڈاکٹروں کی بندر بانٹ اور دیگر انتظامی امور میں خامیاں پائی گئیں، جس پر ٹیم نے برہمی کا اظہار کیا۔اس کے ساتھ ہی المیزان ایسوسی ایٹ کے صفائی ستھرائی کے کام کا بھی معائنہ کیا گیا، جو کافی حد تک قابلِ ستائش پایا گیا۔
ٹیم نے ایم سی سٹی اور مین روڈ میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بھی سراہا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے کنٹریکٹر کو مزید بہتر کام کرنے کے لیے بریف کیا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چک جھمرہ نے ماڈل بازار، موچی بازار، جھمرہ سٹی اور سہولت بازار کا بھی وزٹ کروایا۔ سی ایم پنجاب کی انسپکشن ٹیم نے ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے ویژن کے مطابق شہر کو خوبصورت اور ماڈل بنایا جائے گا۔اسسٹنٹ کمشنر نے یقین دلایا کہ جھمرہ شہر کے ترقیاتی منصوبوں کو جلد عملی شکل دی جائے گی اور شہر کی خوبصورتی اور سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔