گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کاسالانہ سپورٹس فیسٹیول شروع
کرکٹ میچ سے آغاز، چیف الیون کامیاب، بیڈمنٹن،ریسز کے مقابلے بھی ہونگے
فیصل آباد (نیوز رپورٹر )وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کھلاڑی طالبات اور اساتذہ کے ہمراہ سالانہ سپورٹس فیسٹیول کا افتتاح کر دیا اورافتتاحی تقریب سے خطاب کرتے کہا طالبات، فیکلٹی اور انتظامیہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی کیلئے غیر نصابی سرگرمیاں بھی ضروری ہیں۔ کھیلوں کی سرگرمیاں ذہنی و جسمانی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔وائس چانسلر نے سپورٹس فیسٹیول کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہا ۔ اس موقع پر ٹیموں سے تعارف اور گروپ فوٹو سیشن بھی ہوا۔
انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے بیٹنگ بھی کی۔ فیسٹیول میں میل سٹاف کیساتھ ساتھ اساتذہ اور طالبات کی پانچ پانچ جبکہ ایڈمنسٹریشن سے خواتین کی ایک ٹیم کرکٹ مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں۔سپورٹس ویک کے دوران بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی ،چاٹی اور چیئرریسز کے مقابلے بھی ہونگے جبکہ جم خانہ ایونٹس فائنل ڈے پر منعقد کیے جائینگے ۔ فیسٹیول کا آغاز کرکٹ میچ سے کیا گیا جس میں چیف الیون کی ٹیم نے آئی ٹی سروسز ٹیم کو 60 رنز سے شکست دی ، فیسٹیول 11 فروری تک جاری رہے گا۔