بھاگٹانوالہ میں یوٹرن نہ ہونے سے ٹریفک نظام شدید متاثر
تیز رفتار ٹریفک کے درمیان عوام کا سڑک عبور کرنا معمول بن چکا ہے
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا)بھاگٹانوالہ مین سرگودھا،لاہور روڈ پر ایک انتہائی اہم مقام پر یوٹرن فراہم نہ کیے جانے کے باعث ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہو چکا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر شہری اپنی جانیں خطرے میں ڈالنے پر مجبور ہیں۔ تیز رفتار ٹریفک کے درمیان عوام کا سڑک عبور کرنا معمول بن چکا ہے ، جو کسی بھی وقت بڑے اور المناک حادثے کا سبب بن سکتا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق مذکورہ مقام پر یوٹرن کی عدم موجودگی کے باعث ٹریفک جام، بدانتظامی اور جھگڑے روز کا معمول بن چکے ہیں، جس سے نہ صرف شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے بلکہ تعلیمی اداروں، دفاتر اور مریضوں کو بھی بروقت آمد و رفت میں دشواری پیش آ رہی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بارہا اس سنگین مسئلے کی نشاندہی متعلقہ محکموں کے سامنے کی جا چکی ہے ، مگر تاحال کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔