پیرا فورس کا کریک ڈاؤن ،ریڑھیاں ضبط کر لی گئیں

 پیرا فورس کا کریک ڈاؤن ،ریڑھیاں ضبط کر لی گئیں

فاروقہ/سرگودھا (نمائندہ دنیا)پیرا فورس نے فاروقہ کے مین روڈ پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پانچ ریڑھیاں قبضے میں لے لیں جبکہ ریڑھیوں پر موجود سامان بھی اتار دیا گیا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں مزید پانچ گھرانے باعزت روزگار سے محروم ہو گئے ، جس پر مزدور طبقے میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

ریڑھی بانوں کا کہنا ہے کہ پیرا فورس صرف غریب ریڑھی بانوں کو نشانہ بنا رہی ہے جبکہ بڑے تجاوزات قائم ہیں جن کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔ متاثرہ افراد کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کی جانے والی ریڑھیاں تاحال تقسیم نہیں کی جا سکیں، جس کی وجہ سے درجنوں گھرانوں میں فاقوں کی نوبت آ چکی ہے۔ریڑھی بانوں نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ انہیں باعزت روزی کمانے کی اجازت دی جائے اور متبادل انتظام کیے بغیر کارروائیاں بند کی جائیں تاکہ غریب عوام کا چولہا جلتا رہ سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں