جی سی ویمن یونیورسٹی میں دو روزہ کتاب میلہ کا افتتاح

جی سی ویمن یونیورسٹی میں دو روزہ کتاب میلہ کا افتتاح

شخصیت سازی کے لیے مطالعہ نہایت ضروری ہے ،پروفیسر ڈاکٹر کنول امین عظمیٰ راجہ ، فاروق یوسف کابھی خطاب، پنجابی کی ترویج کیلئے کتاب میلہ اہم قرار

فیصل آباد (نیوز رپورٹر)جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں دو روزہ کتاب میلہ، پنجابی ثقافت اور رہتل کی رنگا رنگ تقاریب کا افتتاح ، تقریب کا باقاعدہ افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے فیتہ کاٹ کر کیا ۔ممبر صوبائی اسمبلی عظمیٰ راجہ اور صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس انڈسٹریز فاروق یوسف بھی ہمراہ تھے ۔ ڈاکٹر کنول امین نے شرکا سے خطاب میں کہا مطالعہ صرف کاغذی کتاب تک محدود نہیں بلکہ ڈیجیٹل ذرائع میں ای بکس اور کنڈل ریڈنگ بھی آج مؤثر ذریعہ علم ہیں تاہم اصل مقصد مطالعہ ہے ، شخصیت سازی کیلئے مطالعہ نہایت ضروری ہے ۔ ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کیساتھ مطالعے کی عادت کو فروغ دینا چاہئے۔

طالبات کو روزانہ کم از کم 15 منٹ مطالعہ کیلئے مختص کرنے چاہئیں ، انہوں نے پنجابی ثقافت پر بات کرتے کہا اپنی ثقافت کو زندہ رکھنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے اور علم، ادب و ثقافت کے ذریعے بامعنی سیکھنے کے رجحان کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ایم پی اے عظمیٰ راجہ اور صدر چیمبر آف کامرس فاروق یوسف نے بھی اس موقع پر کتاب میلہ اور پنجابی ثقافت کی ترویج کو نوجوان نسل میں علم، شعور اور ثقافتی اقدار کے فروغ کیلئے نہایت اہم قرار دیا اور ایسی سرگرمیوں کے تسلسل پر زور دیا۔

تقریب میں دیسی کھانوں کے سٹالز، روایتی پنجابی ملبوسات، جیولری، مٹی کے برتن بنانے کے مظاہرے اور ثقافتی نمائش کی گئی۔ طالبات نے لوک داستان ہیر رانجھا پر مبنی ڈرامہ پیش کیا معروف پنجابی مزاحیہ شاعر یاسر ملنگی نے اپنی شاعری پیش کی۔ کتاب سے قربت اور دوری کے موضوع پر فکری مباحثہ بھی ہوا۔ آخر میں وائس چانسلر نے منتظمین، اساتذہ اور طالبات کی کاوشوں کو سراہتے کہا کتاب اور ثقافت کا امتزاج یونیورسٹی کے تعلیمی و تہذیبی تشخص کو مزید مضبوط کرتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں