ڈیڑھ سال: 844 انڈسٹریل یونٹس رجسٹرڈ، ہزاروں افرادکوروزگار ملا
فیصل آباد میں صنعت بند ہونے کا تاثر بالکل غلط ہے :کمشنرراجہ جہانگیرکا خطاب
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)محکمہ لیبر نے فیصل آباد میں گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران 844 انڈسٹریل یونٹس کو رجسٹرڈ کیا جس کی بدولت ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوئے ۔ یہ بات کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر رائے یاسین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔انہوں نے بتایا کہ انڈسٹریل یونٹس کی باقاعدہ انسپکشن کا عمل بھی جاری ہے جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے مقررہ مراعات مزدوروں تک پہنچانے کے ساتھ رجسٹرڈ ورکرز کو سوشل سکیورٹی کارڈز بھی فراہم کئے جارہے ہیں۔
کمشنر نے یونٹس کی رجسٹریشن اور انڈسٹری کے فعال ہونے کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈویژنل انتظامیہ کاروباری افراد کو سازگار ماحول کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے ،ڈویژن میں فعال اور غیر فعال انڈسٹریل یونٹس کی تفصیلات پر بریفنگ لیتے ہوئے واضح کیا کہ فیصل آباد میں صنعت بند ہونے اور مزدوروں کے بے روزگار ہونے کا تاثر بالکل غلط ہے ۔