ڈپٹی کمشنر کاترقیاتی منصوبوں کا دورہ، حفاظتی اقدامات کی ہدایت

ڈپٹی کمشنر کاترقیاتی منصوبوں کا دورہ، حفاظتی اقدامات کی ہدایت

کام کی جگہ پر سائن بورڈز، بیریئرز اور ڈیوٹی سٹاف کی موجودگی لازمی قرار

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے شہر میں جاری اہم ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور نڑوالا روڈ، جیل روڈ اور چوک گھنٹہ گھر پر منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا، ڈی ڈی ڈویلپمنٹ، نیسپاک اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسر بھی موجود تھے ۔نڑوالا روڈ اچکیرہ پر 72 انچ قطر کی ٹرنک سیور لائن کی بچھائی جانے والی لائن کے حوالے سے ایم ڈی واسا نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کی تکنیکی تفصیلات، تکمیل کی ٹائم لائن اور پیشرفت سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے حفاظتی دیوار کے قیام اور دیگر حفاظتی اقدامات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کام کی جگہ پر سائن بورڈز، بیریئرز اور ڈیوٹی سٹاف کی موجودگی لازمی قرار دی تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے جیل روڈ کا دورہ کیا اور کارپٹ روڈ کی تعمیر کے معیار، استعمال ہونے والے میٹریل اور تکمیل کی متوقع مدت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام شفافیت، پائیداری اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل ہوں اور منصوبہ جلد مکمل کر کے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔چوک گھنٹہ گھر کے بیوٹیفکیشن منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو تزئین و آرائش، لائٹنگ، صفائی ستھرائی اور دیگر بہتری کے اقدامات سے بریفنگ دی گئی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں