رمضان راشن کارڈز کی گھر گھر تقسیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے

رمضان راشن کارڈز کی گھر گھر تقسیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے

جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)جڑانوالہ میں مستحق شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے اور رمضان راشن کارڈز کی گھر گھر تقسیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ کی ہدایات پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ پنجاب محمد عثمان سیال کی زیر نگرانی یونین کونسلز کے سیکرٹریز نے مستحق افراد کے گھروں کی دہلیز پر راشن کارڈز تقسیم کرنا شروع کیے ہیں۔اس موقع پر محمد عثمان سیال نے کہا کہ مستحق شہریوں کی فہرست خالصتاً معاشی بنیادوں پر مرتب کی گئی ہے اور اس عمل میں کسی بھی سیاسی وابستگی کو شامل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ راشن کارڈز کی تقسیم سیاسی ڈیروں یا عوامی مقامات کے بجائے براہِ راست گھروں تک پہنچائی جا رہی ہے تاکہ خواتین، بزرگ اور معزز شہری لائنوں میں کھڑے نہ ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کا مقصد شفاف، باوقار اور آسان طریقہ کار کے ذریعے حقیقی حقداروں تک ریلیف پہنچانا ہے اور اس عمل کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی قسم کی شکایت یا بے ضابطگی کی گنجائش نہ رہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں