چنیوٹ: رمضان میں اشیا کی قیمتوں پر کنٹرول، انتظامیہ متحرک
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے ۔
ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل واثق عباس ہرل، اسسٹنٹ کمشنرز، پیرا اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ سرکاری نرخوں پر فروخت نہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں انسپکشنز میں اضافہ کریں، روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کے دورے کریں اور ریٹ لسٹوں کی مکمل جانچ کریں۔ انہوں نے تاکید کی کہ مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ کیا جائے ، اور خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانے ، دکانیں سیل اور مقدمات کے ذریعے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔