ٹو بہ :شکر پارک کی تزئین و آرائش پر عوام کی شدید تنقید
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )عوامی حلقوں نے گنج شکر پارک کی تزئین و آرائش کے نام پر کیے جانے والے کاموں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ متعلقہ انتظامیہ نے اعلیٰ حکام کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے غیر معیاری اور عارضی اقدامات کو ترقیاتی کام ظاہر کر دیا ہے ۔
پارک میں نصب جھولوں کی مرمت انتہائی ناقص انداز میں کی گئی ہے ، زنگ آلود ڈھانچوں کو تبدیل کرنے کے بجائے صرف عارضی ویلڈنگ اور رنگ و روغن کر کے بچوں کے استعمال کے لیے چھوڑ دیا گیا ہے ، جس کے باعث کسی بھی وقت حادثہ رونما ہونے کا خدشہ ہے ۔ والدین نے کہا کہ یہ صورتحال بچوں کی جانوں کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہے ۔مزید براں، پارک میں پینے کے صاف پانی کا کوئی مستقل انتظام موجود نہیں، جس کی وجہ سے گرمی کے موسم میں آنے والے شہریوں کو بنیادی سہولت سے محروم رہنا پڑتا ہے ۔ باقاعدہ واش رومز کی عدم دستیابی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے ، جس سے خواتین، بزرگوں اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔شہریوں نے ارباب اختیار سے اپیل کی ہے کہ پارک کو واقعی عوامی تفریح گاہ بنایا جائے ، نہ کہ کاغذی کارکردگی دکھانے کا ذریعہ، تاکہ خاندان بلا خوف و خطر یہاں آ سکیں اور بچوں کو محفوظ تفریحی ماحول میسر ہو۔