مقدمات کی مؤثر پیروی یقینی بنائی جائے ، ڈی جی ایفٖ ڈی اے
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد آصف چودھری نے ہدایت کی ہے کہ مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ادارے سے متعلق مقدمات کی مؤثر انداز میں پیروی کی جائے ۔
نوٹسز کی تعمیل، اپیل دائر کرنے اور بروقت پیشی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے یہ ہدایات ایک اجلاس کے دوران لیگل برانچ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل محسن بشیر سمیت دیگر افسر بھی موجود تھے ۔ڈائریکٹر جنرل نے عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی تفصیلات کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ جائیدادوں سے متعلق عدالتی حکم امتناعی کے معاملات میں ادارے کا جامع اور مضبوط مؤقف پیش کیا جائے ۔ اس سلسلے میں قانونی نکات، حکومتی پالیسی اور متعلقہ قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ادارے کی ملکیتی پلاٹس اور دیگر جائیدادوں کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے اور ناجائز قابضین کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔ مزاحمت کی صورت میں فوجداری مقدمات درج کرانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ڈائریکٹر جنرل نے عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے ، وراثتی انتقالات میں تاخیر نہ ہونے دینے اور شکایات کے ازالے پر خصوصی توجہ دینے کی تاکید کی۔