بیہودہ پروگراموں کو بندکیاجائے :محبوب الزماں بٹ
ساراسال ناچنے گانیوالے رمضان نشریات میں نیاروپ دھار کر دین سکھانے لگتے ہیں ایسے کرداروں کی حوصلہ شکنی کرناہوگی،دینی موضوعات پرجیدعلما کو مدعو کیا جائے
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں ٹی وی چینلز کو پانچ وقت کی اذان نشر کرنے اور بیہودہ پروگراموں کو بندکرنے کاپابند کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ساراسال ناچنے گانے والے رمضان المبارک کی نشریات میں سرپہ دوپٹہ اوڑھ کر شلوار قمیض اور واسکٹ پہن کر نیاروپ دھار کر عوام کو دین سکھانے لگتے ہیں، ایسے کرداروں کی ہر صورت حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے ۔ دینی موضوعات پرجیدعلماکرام کو مدعو کیا جاناچاہئے تاکہ اسلام کاحقیقی پیغام عام لوگوں تک پہنچ سکے ۔انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلز پر بے حیائی کا سیلاب امڈ آیا ہے ، جس سے معاشر ہ تباہ و برباد ہو رہا ہے ، تفریح کے نام پر نوجوان نسل کوایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت تباہ و برباد کیا جارہا ہے ۔ مٹھی بھرسیکولر عناصر نے اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے اسلامی جمہوریہ پاکستان نے بیس کروڑ عوام کویرغمال بنایا ہواہے ۔ معاشرے میں بڑھتی عریانی وفحاشی سے بگاڑ پیدا ہورہے ہیں، حکومت معاشرتی اقدار کے تحفظ کیلئے فحاشی کاسدباب کرے ۔