جنرل ہسپتال سمن آباد میں ادویات سمیت سہولیات کا فقدان ، دور دراز سے آنیوالے مریض خوار

  جنرل  ہسپتال سمن آباد میں ادویات سمیت سہولیات کا فقدان ، دور دراز سے آنیوالے مریض خوار

انتظامی غفلت پر ہسپتال مسائلستان بن گیا،ادویات نہ ملنے پر مریض باہرسے مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ،ناقص صفائی، واش رومز عرصہ دراز سے خراب ،تالے لگادیئے گئے

فیصل آباد(عبدالباسط سے )گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد انتظامی غفلت کی وجہ سے مسائلستان بن گیا۔ ہسپتال میں ادویات سمیت دیگر سہولیات کے فقدان سے علاج معالجے کیلئے دور دراز سے آنے والے مریض خواری کا شکار ،ہسپتال سے ادویات نہ ہونے پر مریض مارکیٹس سے مہنگے داموں ادویات خریداری پر مجبور جبکہ آئے روز شکایات کے باوجود بھی انتظامیہ مسائل حل اور مریضوں کو سہولیات فراہمی میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے ۔ اڑھائی سو بیڈز پر مشتمل گورنمنٹ جنرل ہسپتال انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی سے ایمرجنسی دیگر شعبہ جات کے وارڈز میں صفائی کے ناقص انتظامات، واش رومز کی گندی صورتحال اور ادویات سمیت دیگر سہولیات کے فقدان سے مریض مشکلات کا شکار ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایمرجنسی وارڈز میں مریضوں کے استعمال کیلئے بنائے گئے واش رومز عرصہ دراز سے خراب ہیں جس پر آئے روز ان واش رومز کو تالے لگا دیئے جاتے ہیں۔

او پی ڈی وارڈ میں مریضوں کو پہلے تو گھنٹوں لمبی قطاروں میں لگ کر ڈاکٹرز کے کمرے کے باہر باری کا انتظار کرنا پڑتا ہے ۔ بعد ازاں چیک اپ کے بعد ادویات والا نسخہ تھما دیا جاتا ہے ۔ مریض ڈسپنسری پر ادویات حصول کیلئے پہنچتے ہیں تو انہیں چند سستی ادویات دی جاتی ہیں دیگر اینٹی بائیوٹکس سمیت مہنگی ادویات بازاروں سے خریدنے کا کہہ لوٹا دیا جاتا ہے ۔ مریضوں کی جانب سے ہسپتال عملے کے ناروا رویے سے متعلق شکایات آئے روز سامنے آتی رہتی ہیں۔ انکاکہناہے کہ ایم ایس کے پاس سی ای او فیصل آباد کا عہدہ ہونے کے باوجود بھی ہسپتال کی صورتحال بہتر ہونے کی بجائے دن بدن خراب ہو رہی ہے ۔ جس سے ہسپتال آنے والے مریض بہتر علاج نہ ہونے سے مایوس واپس لوٹتے ہیں۔ ہسپتال میں مسائل خاتمے کیلئے بہتر اقدامات اٹھانے کے ساتھ مریضوں کو طبی سہولیات فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں