اسلم پارک میں لیلۃ القدر پر عظمت قرآن سیمینار کا انعقاد
ملکی سلامتی و استحکام، شہداء کی بلندی درجات اور اسلامی نظام کیلئے خصوصی دعا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)لیلۃ القدر، برکتوں اور رحمتوں والی رات کے موقع پر پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر و ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضاقادری نے اسلم پارک میں \"عظمت قرآن سیمینار\" سے خطاب کیا۔تقریب میں انہوں نے کہا کہ قرآن کریم دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہے اور ہر دور کے انسانوں کی مکمل رہنمائی کرتا ہے ۔ قرآن کے مفاہیم کو سمجھنا اور اس پر عمل کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے حکمرانوں پر زور دیا کہ ملکی تعمیر و ترقی کے لیے قرآن کریم کے احکامات کے مطابق فیصلے کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ قرآن پاک جہالت کو ختم کر کے علم، حکمت اور دانائی عطا کرتا ہے۔
اس کی تلاوت دل کو سکون اور ذہن کو پاکیزگی عطا کرتی ہے ، اور یہ کتابِ ہدایت صبر، استقامت، محبت اور اخوت کا درس دیتی ہے ۔ قرآن ہر دور میں اپنی اصل حالت میں محفوظ رہنے والا معجزہ ہے اور زندگی کے تمام مسائل کا حل فراہم کرتا ہے ۔تقریب کے آخر میں ملکی سلامتی و استحکام، پاک فوج و سکیورٹی فورسز کے شہداء کی بلندی درجات، اور اسلامی نظام کے عملی نفاذ کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر مولانامحمد ثاقب قادری اور حافظ محمد یاسر قادری المدنی نے بھی خطاب کیا۔