عیدالفطر پر ریسکیو نے خصوصی ایمرجنسی پلان ترتیب دیدیا

عیدالفطر پر ریسکیو نے خصوصی ایمرجنسی پلان ترتیب دیدیا

ریسکیو سٹاف کی چھٹیاں منسوخ ،ضلع میں اہم مقامات پر ریسکیو ٹیمیں الرٹ ہونگی

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر شہریوں کو فوری اور مؤثر ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے کے لیے ریسکیو نے خصوصی ایمرجنسی پلان ترتیب دے دیا ہے ۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ کی ہدایات پر تمام ریسکیو سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی کا پابند کر دیا گیا ہے ، جبکہ ضلع بھر میں اہم مقامات پر ریسکیو ٹیمیں ہائی الرٹ پر رکھی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس یقینی بنایا جا سکے ۔ عید کے ایام میں 700 سے زائد ریسکیو اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے ۔عید کے اجتماعات کے پیش نظر مساجد، عیدگاہوں، تفریحی مقامات اور اہم شاہراہوں پر ریسکیو پوسٹیں قائم کی گئی ہیں، جن کے ساتھ ایمرجنسی وہیکلز، ایمبولینسز اور موٹر بائیک ایمبولینس سروسز تعینات کی گئی ہیں تاکہ حادثات یا ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

ریسکیو اہلکار چوبیس گھنٹے الرٹ رہتے ہوئے عوام کی خدمت سر انجام دیں گے ۔انجینئر احتشام واہلہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ عید کی خوشیوں کو محفوظ بنانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، والدین اپنے بچوں کو ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ سے روکیں اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تھوڑی سی احتیاط کسی بڑے حادثے سے بچا سکتی ہے ، لہٰذا ذمہ دار شہری بنیں تاکہ عید کی خوشیاں سانحہ میں تبدیل نہ ہوں۔ ریسکیو ہمیشہ کی طرح عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں