شہر میں غیر قانونی رکشہ و بس سٹینڈز سے ٹریفک روانی متاثر

 شہر میں غیر قانونی رکشہ و بس سٹینڈز سے ٹریفک روانی متاثر

ٹریفک جام لگنا معمول ،حادثات کے خطرات بڑھ گئے ،فوری کارروائی کامطالبہ

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)شہر بھر کے مختلف اہم چوک چوراہوں، مین شاہراہوں اور دیگر مقامات پر قائم غیر قانونی رکشہ اور بس سٹینڈز ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ اور حادثات کا سبب بننے لگے ہیں۔ذرائع کے مطابق ناولٹی پل، ڈی ٹائپ پل، جھال پل، جی ٹی ایس چوک، ریلوے سٹیشن چوک، ڈی ٹائپ گول چوک، وارث پورہ گول چوک، جھنگ بازار چوک، سمن آباد مدنی چوک، سمن آبادبینک چوک، چناب چوک، عبداللہ پل چوک، کوریاں پل چوک، کوہ نور چوک سمیت شہر کے دیگر اہم مقامات پر بااثر عناصر غیر قانونی رکشہ، بس اور ویگن سٹینڈز قائم کر کے ٹریفک کی روانی میں شدید مسائل پیدا کر رہے ہیں۔ان غیر قانونی سٹینڈز پر کھڑی گاڑیاں، بسیں اور رکشے چوک چوراہوں اور مین شاہراہوں کو محدود کر دیتے ہیں۔

جس کے باعث ٹریفک جام لگنا معمول بن چکا ہے اور آئے روز حادثات کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سٹینڈز چلانے والے بااثر افراد مبینہ طور پر ٹریفک پولیس، میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و ملازمین کو بھاری نذرانے دیتے ہیں، جس کے باعث متعلقہ ادارے کارروائی سے گریزاں نظر آتے ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی سٹینڈز کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو درپیش مسائل فوری حل کیے جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق بحال ہو اور حادثات کا خطرہ کم ہو۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں