وزیر اعلیٰ کے نوٹس پر ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی میں ردوبدل

 وزیر اعلیٰ کے نوٹس پر ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی میں ردوبدل

بیرسٹر عمر اسرار منے خان کا نام شامل ، نواب شیر وسیر کا نام نکال دیا گیا

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سخت نوٹس کے بعد فیصل آباد کی ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی میں پی پی 112 سے سابق ٹکٹ ہولڈر اسرار احمد منے خان مرحوم کے بیٹے بیرسٹر عمر اسرار منے خان کا نام شامل کر لیا گیا، جبکہ سابق رکن قومی اسمبلی نواب شیر وسیر کا نام فہرست سے نکال دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق بیرسٹر عمر اسرار منے خان کا نام غلطی سے شامل نہیں ہو سکا تھا، جس پر وزیراعلیٰ نے برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے این اے 96 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کے بھائی بلال بدر چودھری کے مقابلے میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے والے نواب شیر وسیر کا نام شامل کیے جانے پر بھی سخت نوٹس لیا۔بعد ازاں نواب شیر وسیر کا نام کمیٹی سے خارج کر دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی میں مسلم لیگ (ن) کے موجودہ ارکان اسمبلی اور 2024 کے تمام ٹکٹ ہولڈرز کے نام شامل کیے گئے ہیں، جبکہ تاندلیانوالہ سے شامل ایک رکن شاہ جہان کھرل کا تعلق  پیپلز پارٹی سے بتایا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں