جامع مسجد محمدیہ 218 رب پروکیانوالہ میں نزولِ قرآن کانفرنس
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)انجمن خالقیہ کے زیر اہتمام جامع مسجد محمدیہ 218 رب پروکیانوالہ میں نزولِ قرآن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،
جس کی صدارت صاحبزادہ پیر مفتی محمد اقبال کھرل نے کی جبکہ میزبانی پیر محمد صدیق الرحمن احمد خالقی نے انجام دی۔تقریب میں تکمیلِ قرآن کا اعزاز حافظ محمد امان الرحمن احمد اور حافظ محمد نے حاصل کیا، جبکہ معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ممتاز عالم دین علامہ محمد ریاض کھرل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئمہ مساجد کا شرعی فریضہ ہے کہ وہ نسل نو کو قرآن کی تعلیمات سے آراستہ کریں اور اسوۂ رسول ﷺ کی روشنی کو عام کریں تاکہ معاشرے میں اسلامی اقدار کو فروغ دیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ علما کرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھولا ہوا سبق یاد دلائیں اور دین کی ترویج و اشاعت میں اپنا کردار ادا کریں۔ دیگر مقررین میں ڈاکٹر نذیر احمد صوفی، صلاح الدین سمیت دیگر نے بھی تعلیماتِ قرآن کے فروغ پر زور دیا۔تقریب کے اختتام پر صدرِ مجلس نے حفاظِ کرام اور منتظمین کی دستاربندی کی، جبکہ ملک کی ترقی، امتِ مسلمہ کے اتحاد، فلسطین و کشمیر کی آزادی اور مرحومین کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا کروائی گئی، جس کے دوران حاضرین آبدیدہ ہو گئے ۔