زیرو ویسٹ آپریشن میں تیزی، غفلت پر سخت کارروائی کا فیصلہ
کچرے کے ڈھیروں کے خاتمے اور مجموعی صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایات
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے \"ستھرا پنجاب\" ویژن کے تحت زیرو ویسٹ آپریشن میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرِ صدارت شہر کی صفائی ستھرائی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کچرے کے ڈھیروں کے خاتمے اور مجموعی صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ انہوں نے فیلڈ میں دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر نے تمام یونین کونسلز میں جمع کچرے کو فوری طور پر اٹھانے اور صفائی آپریشن تیز کرنیکا حکم دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ اہداف پورے نہ کرنیوالے افسران کیخلاف سخت کارروائی ہوگی جبکہ غفلت برتنے والے عملے کیخلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے برطرفی عمل میں لائی جائیگی۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہر بھر میں صفائی کے نظام کی مسلسل مانیٹرنگ اور کارکردگی رپورٹ باقاعدگی سے پیش کی جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ، جبکہ ویسٹ کلیکشن پوائنٹس کی بروقت کلیئرنس اور مؤثر ڈمپنگ سسٹم کو بھی یقینی بنایا جائے ۔