ترقی پا نیوالے 5 انسپکٹرز کو ڈی ایس پی رینک لگانے کی تقریب
طارق جاوید ،تمثل سہیل ،ممتاز حسین، صفدر احمد اور مظہر الحق کو بیج لگائے گئے
فیصل آباد(سٹی رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب عبدالکریم کے احکامات پر ریجن پولیس آفس فیصل آباد میں ریجن کے پانچ انسپکٹرز کو ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی ملنے پر رینک لگانے کی تقریب منعقد کی گئی۔تقریب میں آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر، ایس ایس پی آر آئی بی میاں محمد اکمل اور ایس پی لیگل محمد اشرف کے ہمراہ ترقی پانے والے افسران کو ڈی ایس پی رینک لگائے ۔ ترقی پانے والوں میں طارق جاوید اسلم، تمثل سہیل جاگیر، ممتاز حسین، صفدر احمد اور مظہر الحق شامل ہیں۔اس موقع پر آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ ترقی کسی بھی افسر کی پیشہ ورانہ زندگی کا اہم سنگ میل ہوتی ہے جو اس کی محنت، دیانتداری اور فرض شناسی کا اعتراف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بطور ڈی ایس پی نئی ذمہ داریاں نہ صرف اختیارات میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ عوامی توقعات بھی بڑھ جاتی ہیں، لہٰذا افسران اپنی بہترین صلاحیتوں سے شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔