تمام پبلک سکولوں میں پہلی بار حفظِ قرآن کلاسز کا آغاز
اقدام کا مقصد طلبہ کو معیاری تعلیم اور دینی تربیت فراہم کرنا ہے : راجہ جہانگیر
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈویژنل انتظامیہ کی زیرِ نگرانی پبلک سکولوں میں پہلی بار حفظِ قرآن مجید کلاسز شروع کی جا رہی ہیں، تاکہ طلبہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم حاصل کرتے ہوئے قرآن مجید بھی حفظ کر سکیں۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بتایا کہ ڈویژن بھر کے ڈویژنل ماڈل کالجز اور ڈویژنل پبلک سکولز و کالجز میں فوری طور پر ان کلاسز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو بیک وقت معیاری تعلیم اور دینی تربیت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا اس سلسلے میں حفاظ اساتذہ کی بھرتی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ طلبہ کو مستند اور معیاری انداز میں قرآن مجید کی تعلیم دی جا سکے ۔کمشنر نے مزید کہا کہ پبلک سکولز پہلے ہی معیاری تعلیم اور بہترین تربیت کے حوالے سے ڈویژن بھر میں نمایاں مقام رکھتے ہیں، اور اب حفظِ قرآن کلاسز کے آغاز سے ان کی شناخت میں مزید نکھار پیدا ہوگا۔