کرپٹ پولیس اہلکاروں کی خفیہ مانیٹرنگ کا نظام فعال

 کرپٹ پولیس اہلکاروں کی خفیہ مانیٹرنگ کا نظام فعال

احتساب کے نظام کو مزید سخت کر دیا گیا ، کسی بھی بدعنوانی، بے ضابطگی پر فوری طور پر محکمانہ انکوائری شروع کی جاتی ہے ، شہریوں کی طرف سے اطمینان کا اظہار

فیصل آباد(عبدالباسط سے )محکمہ پولیس کے افسر اور اہلکاروں کی جانب سے مبینہ بے ضابطگیوں، بدعنوانیوں اور کرپشن کی روک تھام اور پولیس نظام کو شفاف بناتے ہوئے شہریوں کو انصاف کی فراہمی اور بہتر سروسز یقینی بنانے کے لئے پولیس حکام نے اقدامات تیز کر دئیے ہیں۔ تھانہ جات، دفاتر اور مختلف برانچوں میں تعینات افسر و اہلکاروں کی کارکردگی جانچنے اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی پولیس سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے خفیہ مانیٹرنگ کی حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بے ضابطگیوں، بدعنوانیوں میں ملوث اور اختیارات سے تجاوز کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کارروائیاں عمل میں لانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ، جبکہ احتساب کے نظام کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔ ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا اور سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر نے محکمہ پولیس میں احتساب کا نظام مزید سخت کر دیا ہے ۔ اس مقصد کے لئے تھانہ جات، چوکیوں، دفاتر اور برانچوں میں تعینات افسران و اہلکاروں کی کارکردگی جانچنے اور پولیس سروسز کو بہتر بنانے کے لئے خفیہ اہلکاروں پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔یہ ٹیمیں خفیہ طور پر مانیٹرنگ کرتی ہیں اور کسی بھی بدعنوانی، بے ضابطگی یا غیر قانونی سرگرمی میں ملوث پائے جانے کی صورت میں فوری طور پر محکمانہ انکوائری شروع کی جاتی ہے۔

میرٹ پر شفاف انکوائری کے بعد اگر الزامات ثابت ہو جائیں تو متعلقہ افسر یا اہلکار کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔اس سلسلے میں گزشتہ روز ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا نے کرپشن، بدعنوانی، بے ضابطگی اور اختیارات سے تجاوز کے الزامات ثابت ہونے پر سابق ایس ایچ او تھانہ گلبرگ سب انسپکٹر مصدق ریاض کو نوکری سے برخاست کر دیا اور ان کے خلاف مزید محکمانہ کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے ۔پولیس حکام کی جانب سے سخت احتسابی اقدامات پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ احتساب کا نظام مضبوط ہونے سے شہری بہتر پولیس سروسز سے مستفید ہو سکیں گے ، جبکہ کرپشن اور بدعنوانی کے خاتمے کے ساتھ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی بھی ممکن ہو سکے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں