حکومت نے قبل از وقت دھان کی کاشت پر پابندی لگا دی
20 مئی سے پہلے کاشت قانوناً جرم قرار ،ڈائریکٹر زراعت خالد محمود کی ہدایات
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ڈائریکٹر زراعت (توسیع) چودھری خالد محمود نے کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے قبل از وقت دھان کی پنیری کی کاشت پر سخت پابندی عائد کرتے ہوئے واضح کیا کہ سفارش کردہ تاریخ 20 مئی سے پہلے کاشت قانوناً جرم ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسان 20 مئی سے پہلے دھان کی پنیری ہرگز نہ لگائیں، کیونکہ اس سے نہ صرف پیداوار میں کمی کا خدشہ ہے بلکہ یہ تنے کی سنڈی اور دیگر کیڑوں کی افزائش کا باعث بھی بن سکتی ہے جو بعد میں پوری فصل کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ڈائریکٹر زراعت کے مطابق گندم کی کٹائی کے فوراً بعد لاب کی منتقلی یا مارچ و اپریل میں پنیری کاشت کرنے سے پولی نیشن مکمل نہیں ہوتی جس کے نتیجے میں دانے کم بنتے ہیں یا فصل ضائع ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قبل از وقت کاشت سے پانی کا زائد استعمال، جڑی بوٹیوں پر قابو پانے میں مشکلات اور مون سون میں نمی کے باعث ایفلا ٹاکسن کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ باسمتی 1509، انڈین 1847، انڈین 1692، ڈائمنڈ 109 اور ڈائمنڈ 123 جیسی اقسام قبل از وقت کاشت کے لیے موزوں نہیں ہیں۔ڈائریکٹر زراعت نے خبردار کیا کہ پنجاب ایگریکلچر پیسٹ آرڈیننس 1959 اور رولز 1960 کے تحت قبل از وقت کاشت جرم ہے اور حکومت پنجاب ایسے کسانوں کے خلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے ، جس میں فصل کی تلفی بھی شامل ہو سکتی ہے ۔