بھٹو نے غریب عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی :رانا ممتاز

بھٹو نے غریب عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی :رانا ممتاز

جب تک پیپلز پارٹی کا ایک بھی کارکن زندہ ہے ، قائد عوام کامشن جاری رہے گا

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )پیپلز پارٹی کے ضلعی نائب صدر رانا ممتاز خا ں ایڈ ووکیٹ نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے غریب عوام کو اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی جو راہ دکھلائی تھی اور انہیں جو سیاسی شعور دیا تھا، اسکی بدولت آج غریب عوام استحصالی قوتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اپنے حقوق کی بات کرنے کی جرأت رکھتے ہیں، انہوں نے ان خیالات کااظہار پارٹی کے بانی چیئر مین قائد عوام بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک پیپلز پارٹی کا ایک بھی کارکن زندہ ہے ، قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کا عوام دوست مشن جاری رہے گا، انہوں نے کہا کہ بھٹو خاندان نے جمہوریت کی بالا دستی اور عوام کے حقوق کی خاطر جو عظیم قربانیاں دی ہیں، پاکستان کی سیاسی تاریخ میں اس کی مثال ملنا مشکل ہے ،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی کا ہر کارکن وطن عزیز کیلئے اپنے خون کی قر بانی سے دریغ نہیں کرے گا ،اس موقع پر بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں