کھرڑیانوالہ جڑانوالہ روڈ پانی سے تالاب کا منظر پیش کرنے لگی

کھرڑیانوالہ جڑانوالہ روڈ پانی سے تالاب کا منظر پیش کرنے لگی

سڑک 15 سال تک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ، ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی

بلوچنی (نمائندہ دنیا)کھرڑیانوالہ جڑانوالہ روڈ پر قائم ملز اور فیکٹریوں کی جانب سے سڑک کے اطراف سائیڈیں اونچی کرنے کے باعث بارش کا پانی سڑک پر کھڑا ہو جاتا ہے ، جس سے سڑک تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہے ۔مذکورہ سڑک گزشتہ 15 سال تک ٹوٹ پھوٹ کا شکار رہی، جس کے بعد دو سال قبل اہل علاقہ کے مطالبے پر اسے دوبارہ کارپٹ کیا گیا تھا۔ تاہم اب ایک بار پھر سڑک کی حالت خراب ہونے لگی ہے ۔ اس کی بڑی وجہ سڑک کے اطراف واقع فیکٹریاں ہیں جنہوں نے سائیڈیں اونچی کر رکھی ہیں، جس کے باعث بارش کا پانی سڑک سے نکل نہیں پاتا۔پانی کھڑا رہنے سے سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹنا شروع ہو گئی ہے جبکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی ہے اور گاڑیوں کو نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

علاقہ مکینوں، جن میں سابق چیئرمین میاں سیف الملوک، محمد طاہر حمید فانی، چیئرمین پریس کلب حاجی محمد مدثر حمید فانی، رانا ضمیر خاں، رانا اعجاز انور، ماسٹر نذیر گجر، رانا یاور نمبردار، طارق وسیم ایڈیٹر، حافظ رمضان اور قمر امین ملک شامل ہیں، نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر فیصل آباد، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملز انتظامیہ سے سرکاری جگہ واگزار کرائی جائے اور سڑک کی سائیڈوں کو نیچے کیا جائے تاکہ سڑک کو محفوظ بنایا جا سکے اور عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں