منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے اقدامات ضروری، وجیہہ قمر
پاکستان سویٹ ہوم ری ہیبلٹیشن سینٹر کا دورہ ،انتظامات کی تعریف،تعاون کی یقین دہانی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر مملکت وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر اور فراز افضل شیخ ایڈووکیٹ صدر راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے سرپرست اعلی پاکستان سویٹ ہوم زمرد خان کی دعوت پر پاکستان سویٹ ہوم ری ہیبلٹیشن سینٹر کا دورہ کیا۔ زیرِ علاج منشیات کے عادی مریضوں سے ملاقات کی اور ان کو صحت یابی کے بعد معاشرے کا مفید شہری بننے کی تلقین کی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کو بطور مریض ٹریٹ کیا جانا چاہئے تاکہ وہ صحت یاب ہوکر معاشرے کے مفید شہری بن کر اپنے لئے اور اپنی فیملی کیلئے صحت مند کردار ادا کر سکیں، وزیر مملکت نے فلاحی مشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشن میں ان کے ساتھ ہیں اور منشیات کی روک تھام کیلئے ان کی کاوشوں میں ان کی بھرپور معاونت کریں گے۔