شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں کوتاہی برداشت نہیں،آئی جی
سکیورٹی، حساس تنصیبات اور اہم شخصیات کی حفاظت کا جائزہ اجلاس،چیکنگ سخت کرنیکی ہدایت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا وفاقی دارالحکومت کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، حساس تنصیبات اور اہم شخصیات کی حفاظت کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی نے سکیورٹی نظام کو مزید مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے پر زور دیا اور انسدادِ دہشتگردی اقدامات کو ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس شیئرنگ اور بین الادارہ جاتی تعاون سے مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مؤثر بنایا جائے، مشتبہ عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے اور حساس علاقوں میں گشت بڑھایا جائے۔ ایمرجنسی صورتحال میں فوری رسپانس کیلئے کنٹرول روم اور فیلڈ یونٹس کے درمیان رابطہ بہتر کیا جائے ، جبکہ سیف سٹی کیمروں اور جدید نگرانی کے نظام سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ ادھر آئی جی نے یومِ مزدور کے موقع پر محنت کشوں کیلئے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ مزدور ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ محنت، دیانت اور لگن سے کام کرنے والے مزدور قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔