بلدیاتی نظام بنیادی مسائل کے حل کا ذریعہ :محبوب الزماں

 بلدیاتی نظام بنیادی مسائل کے حل کا ذریعہ :محبوب الزماں

پنجاب حکومت بہانوں سے بلدیاتی الیکشن نہیں کرارہی ، عوامی رابطہ مہم شروع

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کہاہے کہ بلدیاتی نظام بنیادی مسائل کے حل کا ذریعہ ہے مگر پنجاب میں گزشتہ 10 برس سے بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گئے ۔اختیارات اور مراعات پر قبضے کیلئے پنجاب کو بلدیاتی نظام سے محروم رکھا گیا ہے ،پنجاب حکومت حیلے بہانے سے بلدیاتی انتخابات سے فرار ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ملک بھرمیں عوامی رابطہ مہم کاآغازکردیاہے ۔ملک بھر میں نئے شامل ہونے والے افراد پر مشتمل عوامی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔ جماعت اسلامی عوامی کمیٹیوں کے ذریعے بلدیاتی نظام کی کمی کو پورا کرے گی۔ سرکاری محکموں میں عام آدمی کے جائز مسائل کی شنوائی کو یقینی بنایا جائے گا۔عوامی کمیٹیاں ہرمحلے ، گلی، تھانہ، کچہری، نوجوانوں اور بے روزگار افراد کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں گی۔انہوں نے کہاکہ عوامی کمیٹیوں کے ذریعے عوامی مسائل کے حل کیلئے گراس رُوٹ لیول سے ملک گیر منظم آواز بلند کی جائے گی، ممبرزعوامی کمیٹیاں مقامی مسائل کا حل عوام کے دروازے پر مہیا کریں گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سیاست اور ریاست کے نظام کو بحرانوں سے نجات کیلئے عوامی سطح پر بڑی تحریک اور عوامی جدوجہد کی ضرورت ہے ۔مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں عوامی حقوقِ کی تحریک آگے بڑھے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں