ڈی پی او چنیوٹ کی مسجد میں کھلی کچہری،مسائل سنے
ڈاکٹر نوید عاطف کی متعلقہ افسروں کو درخواستوں پر فوری کارروائی کی ہدایت
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے جمعہ کے روز جامع مسجد محمد علی پرائم ویلی میں کھلی کچہری لگائی۔ اس موقع پر تھانہ سٹی پولیس، انچارج کمپلینٹ سیل اور دیگر پولیس افسران سمیت نمازیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ڈی پی او نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ درخواستوں پر فوری کارروائی کر کے دادرسی یقینی بنائی جائے اور کمپلینٹ سیل کو فالواپ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے شرکاء کو پنجاب پولیس کی مختلف سروسز کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مساجد میں کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا اور کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینا ہے ۔ علاوہ ازیں شہریوں کے مسائل سننے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے ڈی ایس پی سرکل سٹی دفتر چنیوٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔