ڈی پی چنیوٹ کا پولیس ویلفیئر کے لیے گپ شپ کارنر
اقدام کا مقصد پولیس فورس میں رینک اور عہدے کی رکاوٹوں کو کم کرنا ہے : ڈاکٹر نوید
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کے وژن کے مطابق پولیس اہلکاروں کی ویلفیئر کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف کی جانب سے پولیس اہلکاروں کے لیے گپ شپ کارنر سیشن کا انعقاد کیا گیا۔غیر رسمی اور باہمی مکالمے پر مبنی اس نشست میں ڈی پی او سمیت فیلڈ فورس کے افسران، جوانوں اور لیڈی اہلکاروں نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد پولیس فورس میں رینک اور عہدے کی رکاوٹوں کو کم کرنا ہے تاکہ ایک ایسا ماحول فروغ پائے جہاں سننے ، سمجھنے اور شمولیت کو اہمیت دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نشستیں ہمدردانہ قیادت، تنظیمی ہم آہنگی اور مثبت ادارہ جاتی کلچر کے فروغ کا حصہ ہیں۔ ان کے مطابق اس اقدام سے سینیئر و جونیئر افسران اور اہلکاروں کے درمیان اعتماد اور مؤثر رابطے کو فروغ ملے گا۔نشست میں شرکاء کو مرحلہ وار مدعو کیا جائے گا، جہاں پولیس اہلکاروں نے اپنی ڈیوٹی، پیشہ ورانہ دباؤ، ورک پلیس چیلنجز اور قیادت سے توقعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔اجلاس میں ذہنی دباؤ، اس کے عوامل اور اس سے نمٹنے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس سے کانسٹبلری کی زمینی حقائق کو سمجھنے اور ذہنی صحت و پیشہ ورانہ فلاح و بہبود کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں مدد ملی۔