چناب نگر:گیس کی قلت، شہری مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور
مقررہ اوقات کار میں بھی گیس کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جا سکی، لو گ پریشان
چناب نگر (نامہ نگار)شہر میں سوئی گیس کے کم پریشر اور مسلسل قلت نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ، جبکہ مقررہ اوقات کار میں بھی گیس کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جا سکی۔گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہری ایل پی جی کے استعمال پر مجبور ہیں، جس کے نتیجے میں اس کی قیمتیں بھی آسمان کو چھو رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مارکیٹ میں ایل پی جی 430 سے 460 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ باقاعدگی سے سوئی گیس کے بل ادا کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں مہنگی ایل پی جی خریدنا پڑ رہی ہے ، جس سے گھریلو بجٹ شدید متاثر ہو رہا ہے ۔ سفید پوش طبقہ خاص طور پر اس صورتحال سے زیادہ متاثر ہے ۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور ایل پی جی کی قیمتوں کو فوری طور پر کنٹرول کیا جائے ۔