پنجاب کالج یونیورسٹی کیمپس کے تحت نارکوٹکس آگاہی سیمینار
ڈین شاہد سلیم خواجہ ودیگرکی شرکت، منشیات کا خاتمہ اجتماعی ذمہ داری:عامرشہزاد
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر )پنجاب کالج یونیورسٹی کیمپس کے زیر اہتمام نارکوٹکس آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس گوجرانوالہ ڈویژن کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل (ر)عامرشہزاد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور اس موقع پر انہوں نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے سے منشیات کا خاتمہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ اس ناسور کو جڑ سے ختم کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو نہ صرف اس سے اجتناب کرنا چاہیے بلکہ منشیات کو ختم کرنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون اور مدد کرنی چاہیے ۔اس موقع پر معزز مہمان خصوصی نے نارکوٹکس کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی اور پنجاب حکومت کے خصوصی اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ لیفٹیننٹ کرنل (ر)عامر شہزاد نے طلبہ کے مختلف سوالوں کے جوابات بھی دیئے ۔ سیمینار کے موقع پر ڈین یونیورسٹی کیمپس شاہد سلیم خواجہ ،ہیڈ بی ایس پروگرام شمیم اختر اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز شہزاد رفیق نے سی این ایف گوجرانوالہ ڈویژن کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل (ر)عامر شہزاد اور انکی ٹیم کی انسدادِ منشیات کاوشوں کو سراہا۔ سیمینار کے اختتام پر معزز مہمان خصوصی عامر شہزاد کوپنجاب کالج کی طرف سے یادگاری شیلڈ اور سوینئر بھی دیا گیا۔