شاہراہوں کے تعمیراتی منصوبے جلد مکمل کرنے کاحکم
واسا ،ہائر ایجوکیشن، صحت کے منصوبے بھی بروقت مکمل کئے جائیں، کمشنر
ملتان (وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر اور سست رفتار پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسروں کو جاری سکیمیں مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمشنر عامر کریم خاں نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26 کے تحت جاری منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے نادرہ آباد فلائی اوور،شجاع آباد روڈ، سیداں والا بائی پاس تا ہیڈ محمد والا ڈوئل کیرج وے ، ملتان وہاڑی روڈ اور ایم ڈی اے تا لودھی کالونی روڈ سمیت مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے طویل عرصے سے زیر التواء منصوبوں کو فوری مکمل کرنے کے احکامات دیئے ۔اجلاس میں واسا، ہائر ایجوکیشن، صحت، سپورٹس، لوکل گورنمنٹ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، اریگیشن اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے اور فنڈز کے بروقت استعمال کو یقینی بنایا جائے ۔ عامر کریم خاں خان نے زیر تعمیر ملتان ایونیو اور برانڈ روڈ کا دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔