میاں چنوں میں بیوٹیفکیشن اور ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز
ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کا دورہ، معیار اور مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر شہری ترقی اور بیوٹیفکیشن کے میگا پراجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہے ، جس کے تحت میاں چنوں شہر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے میاں چنوں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام، بازاروں کی بیوٹیفکیشن اور سٹی انٹری گیٹس پر جاری کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے منصوبوں کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر ساجدہ رزاق نے ڈپٹی کمشنر کو جاری منصوبوں اور بیوٹیفکیشن کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو جلد ریلیف مل سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ روڈ کٹ اور کھدائی والی جگہوں پر خصوصی حفاظتی انتظامات کیے جائیں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی مقامات پر بیریئرز، وارننگ سائنز اور مناسب لائٹس کی تنصیب لازمی یقینی بنائی جائے۔