بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے مؤثر موسمیاتی اقدامات ناگزیر، مصدق ملک
حالیہ سیلابوں میں 6ہزار سے زائد افراد جاں بحق، لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی مصدق ملک نے ایف 6/3ہِل ویو پارک میں کوکا کولا کے تعاون سے منعقدہ شجرکاری مہم میں شرکت کی۔ اس مہم کا انعقاد وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، پاکستان ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (پاک-ای پی اے) اور سی ڈی اے کے اشتراک سے کیا گیا۔ تقریب کے دوران ایک مصوری مقابلے کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سکولوں کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ طلبہ نے ’’کلین اینڈ گرین اسلام آباد‘‘ کے موضوع پر پینٹنگز تیار کیں، وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ سیلابوں میں 6ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے، لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے جبکہ بے شمار بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی۔ کئی بچے ایسے بھی تھے جو موسمیاتی آفات کے باعث نقل مکانی کے بعد دوبارہ سکول نہ جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ان بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے مؤثر موسمیاتی اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ ایسی تباہ کاریوں کو روکا جا سکے یا ان سے نمٹنے کیلئے ملک کو بہتر طور پر تیار کیا جاسکے۔