چنیوٹ:ڈی پی او کی کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل سنے
عوامی خدمت کی بہتری کیلئے تمام ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں :ڈاکٹر نوید عاطف
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے ڈی پی او آفس میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں کے مسائل سنے اور متعدد درخواستیں متعلقہ افسروں کو مارک کرتے ہوئے مقررہ وقت میں حل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کمپلینٹ سیل افسران کو درخواستوں کا فالو اپ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ عوامی خدمت کی بہتری کے لیے تمام ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور تھانوں میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کی سہولت کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں اور کسی بھی شہری کے ساتھ بدسلوکی یا تضحیک ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔