ڈسکہ :موبائل سمز کی فروخت کے بہانے نوسرباز سرگرم
سادہ لوح افراد کو ورغلا کر رقم کے عوض ناکارہ اشیا تھما دی جاتی،کارروائی کامطالبہ
ڈسکہ ،منڈیکی گورائیہ(نمائندہ دنیا،نامہ نگار)شہر میں موبائل سمز کی فروخت کے بہانے سرگرم نوسرباز گروہوں نے شہریوں کو لوٹنے کا نیا طریقہ اختیار کر لیا ۔مختلف مقامات پر باقاعدہ ڈیرے جما کر سادہ لوح افراد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جہاں انہیں ورغلا کر قیمتی رقم کے عوض پرانی اور ناکارہ اشیاتھما دی جاتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق روزانہ لاکھوں کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں۔ لاری اڈا، سول چوک اور دیگر مصروف علاقوں میں نوسربازوں نے اپنے ٹھکانے قائم کر رکھے ہیں یہ افراد سم فروخت کرنے یا سستی ڈیل کا جھانسہ دے کر شہریوں کو اپنے پاس بلا لیتے ہیں جہاں گروہ کی صورت میں موجود افراد متاثرہ شخص کو ذہنی طور پر الجھا کر رقم ہتھیا لیتے ہیں ۔شہری حلقوں کے مطابق یہ مکروہ دھندہ طویل عرصے سے جاری ہے اور روزانہ متعدد افراد اس کا شکار بن رہے ہیں ۔مرکزی انجمن تاجران اور انجمن شہریاں نے صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے فوری نوٹس لینے اور نوسربازی کے منظم سلسلے کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے ۔