آر پی او ملتان کا میلسی کا دورہ، کھلی کچہری، مسائل سنے
تھانہ مترو اور ٹبہ سلطانپور کا معائنہ، تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل کرنیکی ہدایت
میلسی(نمائندہ دنیا) آر پی او ملتان محمد عثمان اکرم گوندل نے ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال کے ہمراہ سرکل میلسی کا تفصیلی دورہ کیا جس دوران انہوں نے تھانہ مترو اور تھانہ ٹبہ سلطانپور کا معائنہ کرتے ہوئے انتظامی و آپریشنل امور کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں ۔دورے کے موقع پر آر پی او نے تھانہ مترو کی زیر تعمیر عمارت کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کی رفتار و معیار کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہ کیا جائے۔ بعدازاں آر پی او ملتان نے تھانہ ٹبہ سلطانپور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جہاں انہوں نے شہریوں کی شکایات اور مسائل سنے ۔ انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ عوامی درخواستوں پر فوری اور میرٹ کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے ۔آر پی او نے کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنا اور اعتماد کو مضبوط بنانا ہے جبکہ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر فوری انصاف کی فراہمی ہے۔