کارو کاری:دفن کریں اس رسم کو‘‘کے موضوع پرنشست

کارو کاری:دفن کریں اس رسم کو‘‘کے موضوع پرنشست

پریس کلب میں’’دخترانِ کراچی‘‘نے اہتمام کیا،ارکان اسمبلی اورسینیٹرزشریک

 کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے پلیٹ فارم ’’دخترانِ کراچی‘‘کے زیرِ اہتمام کراچی پریس کلب میں’’کارو کاری: دفن کریں اس رسم کو‘‘کے موضوع پر اہم نشست منعقد ہوئی جس کی صدارت سینئر مرکزی رہنما نسرین جلیل نے کی، اس اہم نشست کے منتظمین میں ایم این اے سبین غوری، ڈاکٹر عبید علی اور عامر صدیقی شامل تھے جنہوں نے پروگرام کی میزبانی کے فرائض انجام دیے ۔نشست میں سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری، سینیٹر خالدہ اطیب اور سینیٹر عامر چشتی نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی پارلیمانی لیڈر طٰہٰ احمد، اراکینِ اسمبلی آسیہ اسحاق، بلقیس مختار، سکندرہ خاتون اور کرن کاشف بھی موجود تھیں۔ علاوہ ازیں مرکزی رہنما کشور زہرہ، منگلا شرما، انچارج شعبہ خواتین مریم قریشی و اراکینِ کمیٹی، قانونی ماہرین اور سوشل ایکٹوسٹ نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔سینیٹر نسرین جلیل نے کہا کہ سندھ کے دیہی علاقوں میں کارو کاری کے نام پر خواتین کا قتل جاگیردارانہ نظام کی بدترین شکل ہے ۔ انہوں نے روبینہ چانڈیو کے معاملے اور سندھ میں گزشتہ 4 ماہ کے دوران 34 خواتین کے قتل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اس فرسودہ رسم کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا جائے ۔مقررین نے بلوچستان میں ایک معصوم لڑکی کو زندہ درگور کرنے کے واقعے کی بھی شدید مذمت کی.

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں