جاری ترقیاتی اسکیموں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح، وزیر بلدیات
ناصر شاہ کی زیرصدارت اہم جائزہ اجلاس، پیشرفت، بروقت تکمیل پرتفصیلی غوربیشتر منصوبے تکمیل کے قریب ہیں، کام کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے ، خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر میں جاری ترقیاتی اسکیموں کی پیش رفت، فنڈنگ، بروقت تکمیل اور عوامی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا ۔اجلاس میں مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، سڑکوں، فلائی اوورز، انڈر پاسز، چھوٹی سڑکوں کی تعمیر، نکاسی آب اور شہری سہولتوں سے متعلق منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ جاری ترقیاتی اسکیموں کی بروقت تکمیل حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ عوام کو درپیش مشکلات کے فوری خاتمے کیلئے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد سہولتیں مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی عمل تیزی سے جاری ہے جبکہ متعدد منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلائی اوورز، انڈر پاسز، مرکزی شاہراہوں اور چھوٹی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے کام کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جارہا ہے جس کے مثبت اثرات عوام کو جلد محسوس ہونگے ۔ وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی ۔